بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہدایات پر پی ٹی آئی کے ایم این ایز نے قومی اسمبلی کی مختلف قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینا شروع کر دیے ہیں۔
اسلام آباد ( زاہد یعقوب خواجہ) رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ عامر ڈوگر کو بھجوایا ..جنید اکبر نے کہا کہ استعفیٰ بانی پی ٹی آئی اور سیاسی کمیٹی کی ہدایات پر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور ایم این اے علی اصغر خان نے بھی قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ علی اصغر نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی، کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی اور پرائیویٹائزیشن کمیٹی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا۔ رکن قومی اسمبلی ساجد خان مہمند نے بھی بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر تینوں قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا اور استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کر دیا۔ خیبرپختونخوا سے منتخب ایم این ایز فیصل امین اور آصف خان نے بھی قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دونوں ارکان اسمبلی تین، تین کمیٹیوں کے رکن تھے اور انہوں نے اپنے استعفے اسپیکر کو بھجوا دیے ہیں۔











