پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی پاکستانی ویمنز انڈر 19 ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اور سیریز جیتنے پر پاکستانی ویمنز انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو انہی کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی کپتان ایمان نصیر، تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں کامیابی ٹیم ورک، محنت اور بھرپور جذبے کا نتیجہ ہے۔ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔ محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ انڈر 19 ویمنز ٹیم مستقبل میں بھی ایسی ہی محنت اور لگن کے ساتھ مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔











