اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا پولیو کے خاتمے کے لیے ملک گیر مہم پر خصوصی پیغام
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 26 مئی سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم پر قوم کے نام ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس مہلک بیماری کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔صدرِ مملکت نے بتایا کہ یہ مہم 1 جون تک جاری رہے گی، جس کا ہدف پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ چون لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانا ہے۔ اس قومی مہم میں چار لاکھ سے زائد ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جو شہروں، دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گے۔
صدر زرداری نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو یہ زندگی بخش قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے اساتذہ، علمائے کرام، کمیونٹی لیڈرز اور میڈیا سے بھی مہم کی بھرپور حمایت کی اپیل کی تاکہ لوگوں میں ویکسین کے حوالے سے اعتماد بحال ہو اور غلط فہمیاں دور کی جا سکیں۔انہوں نے آصفہ بھٹو زرداری کی انسداد پولیو مہم میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد نے اس مہم کو نئی جہت دی ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ آصفہ بھٹو کی والدین، نوجوانوں اور سماجی شخصیات سے اپیل ہمیں یاد دلاتی ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدرِ مملکت نے ملک کے بہادر پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بچوں کی حفاظت کی۔ انہوں نے نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی اور شہید پولیس اہلکار کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ 90 کی دہائی سے اب تک پاکستان نے پولیو کے خلاف 99 فیصد سے زائد کمی حاصل کی ہے، لیکن 2024 میں کیسز میں اضافے نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مہم کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر دور دراز علاقوں اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں تک رسائی حاصل کرنا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو پولیو سے پاک بنا سکتے ہیں۔ آئیں، ہر بچے کو ویکسین دیں اور اپنی قوم کو اس مفلوج کر دینے والے وائرس سے بچائیں۔











