اسلام آباد میں کھیل کے میدانوں کی نیلامی روک دی گئی

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہر میں کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈز کی نیلامی اور کمرشلائزیشن کو روک دیا۔ عدالت نے سی ڈی اے کی جانب سے کھیل کے میدانوں کی نیلامی کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے نیلامی کا عمل فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔ یہ فیصلہ جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے سابق چیئرمین میٹرو پولیٹن کارپوریشن سردار مہتاب احمد خان کی درخواست پر سناتے ہوئے دیا۔ عدالت نے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ کا مؤقف تھا کہ کھیل کے میدان عام شہریوں کی ملکیت ہیں، سی ڈی اے انہیں بھاری رقوم کے عوض نیلام نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سی ڈی اے نے کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈز پچاس پچاس لاکھ روپے میں نیلام کرنے کے اشتہارات جاری کیے تھے، جو کہ شہریوں کے کھیل کے حق پر حملہ ہے۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قانون کے مطابق کھیل کے میدانوں کا انتظام میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے دائرہ کار میں آتا ہے، نہ کہ سی ڈی اے کے۔
عادل قاضی ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ اگر نیلامی کا عمل نہ روکا گیا تو کرکٹ اور فٹبال کے میدان عام شہریوں کے لیے بند ہونے کا خدشہ ہے، جو کہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہوگا۔ عدالت نے تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک نیلامی اور کمرشل سرگرمیوں پر سٹے آرڈر جاری کر دیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں