اسلام آباد: ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر مبینہ گھپلہ، متاثرین کا سردار تنویر الیاس کے خلاف شدید احتجاج، بلیو ایریا میں دھرنا

​اسلام آباد ( زاہد یعقوب خواجہ): وفاقی دارالحکومت کے تجارتی مرکز بلیو ایریا میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و سینیئر رہنما پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ متاثرین کی بڑی تعداد نے سردار تنویر الیاس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی ملکیت ‘سردار پلازہ’ کا رخ کیا اور عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی عملے کی جانب سے روکے جانے پر مظاہرین نے پلازہ کے مرکزی دروازے پر ہی دھرنا دے دیا۔

احتجاجی دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی جن کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے پلاٹوں کے نام پر جمع پونجی ادا کر رکھی ہے لیکن تاحال زمین کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ متاثرین نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ سردار تنویر الیاس کی سوسائٹی ‘تاج ریزیڈنشیا’ کے پاس نہ تو این او سی موجود ہے اور نہ ہی مطلوبہ زمین دستیاب ہے، اس کے باوجود شہریوں سے کروڑوں روپے وصول کر لیے گئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی زندگی بھر کی کمائی ان پلاٹوں کے لیے دی لیکن سردار تنویر الیاس نے ہمیں طفل تسلیوں پر لگا رکھا ہے، اب ہم انہیں کسی صورت چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ متاثرین نے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ اگر فوری طور پر پلاٹ فراہم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں