اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہاورڈ یونیورسٹی امریکہ کی طلباء ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ کی طلبہ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس دوران اسپیکر نے قومی، علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نقطۂ نظر سے طلبہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سنگین خطرات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ افغانستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے، جس سے خطے کے دیگر ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور ملک نے اس جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے، جس میں 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے طویل عرصے تک 4.6 ملین افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہے۔
اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان میں جمہوریت کی بتدریج پیش رفت پر روشنی ڈالی اور بطور کسٹوڈین آف ہاؤس، ایوان کو غیر جانبداری سے چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی مثبت عکاسی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حقیقی تشخص کا پتہ یہاں آکر ہی چلتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں