اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا وفاقی کابینہ کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کا خیر مقدم
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی کابینہ کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو اس اہم عہدے پر ترقی پانے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نہ صرف افواجِ پاکستان کے مورال میں اضافہ کرے گا بلکہ ایک حقیقی سپاہی کی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے “بنیان المرصوص” آپریشن کے ذریعے دشمن کو بھرپور شکست سے دوچار کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی جرات، قیادت اور عسکری مہارت قابل تحسین ہے، اور ان کی ترقی قومی سطح پر ایک اعزاز ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو اعلیٰ سرکاری ایوارڈز دینے کے فیصلے کو بھی سراہا اور کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ “آپریشن بنیان المرصوص” میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور آج پوری دنیا ہماری افواج کی مہارت اور قربانیوں کی معترف ہے۔












