الیکشن کمیشن کو فنڈز کی عدم دستیابی ، عام انتخابات کےلئے خطرے کی گھنٹی
اسلام آباد(غلام مرتضیٰ ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے مختص فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ امداد بوسال کو آج کمیشن طلب کرلیاگیا جبکہ وزیراعظم کو بھی خط لکھا جائیگا،یہ قدم وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے مختص شدہ رقم ریلیز کرنے میں ناکامی پر اٹھایا گیا ۔ذرائع کے مطابق اس مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں اور بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آٹھ فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیںاس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا اور وزارت خزانہ کو اس رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاددہانی بھی کرائی گئی تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔











