امریکہ کا بڑا فیصلہ: پاکستان سمیت 75 ممالک کی ویزا پروسیسنگ غیر معینہ مدت کے لیے منجمد
نیویارک (ناصر قیوم خان): امریکہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے لیے ویزا درخواستوں کی پروسیسنگ غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ 21 جنوری 2026 سے نافذ ہوگا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسے قومی سلامتی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے نام پر متعارف کرایا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن ممالک کی ویزا پروسیسنگ روکی گئی ہے، ان میں صومالیہ، افغانستان، برازیل، نائجیریا، تھائی لینڈ، ایران، روس، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، مصر، ترکی، فلپائن اور متعدد افریقی و لاطینی امریکی ممالک شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ پابندی نئی ویزا درخواستوں، رینوئلز اور مختلف کیٹیگریز جن میں سیاحتی، کاروباری، طالب علم اور امیگریشن ویزے شامل ہیں پر لاگو ہوگی۔ تاہم پہلے سے منظور شدہ ویزوں پر سفر کی اجازت برقرار رہے گی، جبکہ نئی درخواستوں پر اس وقت تک کارروائی نہیں ہوگی جب تک نئی پالیسی کا باضابطہ اعلان نہیں ہو جاتا۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام “امریکہ کو پہلے” (America First) پالیسی کے تحت اٹھایا گیا ہے، اور ان ممالک کو دہشت گردی، جرائم اور غیر قانونی امیگریشن کے ممکنہ ذرائع قرار دیا گیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ متاثرہ ممالک کے شہریوں کو اب ویزا کے لیے متبادل راستے تلاش کرنا ہوں گے۔












