امریکی وزیر نے ایران کے ساتھ جنگ چند ہفتوں میں ختم ہونے کا امکان ظاہر کردیا
(ویب ڈیسک): امریکا وزیر توانائی کرس رائٹ نے ایران کے ساتھ جنگ اگلے چند ہفتوں میں ختم ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے جبکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے جنگ بندی کی درخواست یا مذاکرات کے تاثر کو رد کردیا ہے۔ غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا کہ توقع ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ اگلے چند ہفتوں میں ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی سپلائی دوبارہ معمول پر آئے گی اور توانائی کی قیمتیں بھی اس کے بعد گر جائیں گی۔
خبرایجنسی کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ کے اتحادیوں کی جانب سے سفارتی مذاکرات شروع کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا اور ایران نے بھی واضح کر دیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملے بند ہونے تک کسی بھی جنگ بندی کے امکان کو قبول نہیں کرے گا، جس سے اس تنازع کے جلد خاتمے کی امیدیں مزید کمزور ہو گئی ہیں۔












