سی پیک انٹرنیشنل سیمینار مقررین اور مندوبین کی جانب سے اس عزم کے اعادہ سے ختم ہو گیا کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کیا جائے گا
پشاور (نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت پشاور میں منعقد ہونے والا تین روزہ سی پیک انٹرنیشنل سیمینار مقررین اور مندوبین کی جانب سے اس عزم کے اعادہ سے ختم ہو گیا کہ پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کیا جائے گا، چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ علاقائی تعاون بڑھانے کی پیش کش کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور خاص طور پر صوبہ خیبر پختون خوا میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے چینی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔ تین دن جاری رہنے والے بین الاقوامی سیمینار میں صوبے کے گیارہ اضلاع سمیت اسلام آباد اور ملک کے دیگرشہروں سے بھی مندوبین نے شرکت کی۔پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے صدر شی جن پنگ کے ایک کانفرنس میں حالیہ خطاب سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔
سیمینار کے اختتامی سیشن میں صوبائی وزرا، محققین، ماہر تجزیہ نگاروں، سرمایہ کاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے اظہار خیال کیا۔سیکرٹری ثقافت و سیاحت کے پی ڈاکٹر بختیار خان نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی پیش کش کی اور بتایا کہ خیبر پختون خوا میں سیاحت کے شعبہ مٰیں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے انہوں نے صوبے بھر میں کئی اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کو انتہائی منافع بخش قرار دیا۔ خیبر پختون خوا سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او اقبال سرور نے کہا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو بلا خوف صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئیے سرمایہ کاروں کو کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں انہیں کے پی سرمایہ کاری بورڈسے رابطہ کرنے کی ضرورت ہے جو انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
چینی سرمایہ کاروں کی حفاظت کے لئے قائم پولیس کے سپیشل سیکورٹی یونٹ کے ڈپٹی کمانڈنٹ طارق اقبال نے کہا کہ صوبے کی پولیس قیام امن کے لئے کئی دہائیوں سے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں اور اپنے لہو کے آخری قطرے تک چینی سرمایہ کاروں کی حفاظت کع یقینی بنائے گی۔ انہوں نے سپیشل سیکورٹی یونٹ کے بارے میں چینی سرمایہ کاروں کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کی ریسرچ اینالسٹ اور ہیڈ آف چائنہ پروگرام نبیلہ جعفر سے سی پیک منصوبے کے پہلے فیز میں سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ اب تک تیس ارب ڈالرز کے لگ بھگ سرمایہ کاری کی جا چکی ہے جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں مزید چالیس ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس کے لئے پاکستانی حکومت کو چین کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
پاک چین دوستی پر گہری نظر رکھنے والے صحافی فرحان احمد نے فیک نیوز پر قابو پانے اور سی پیک سے متعلق حقائق کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی میڈیا کو اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مقررین اور مندوبین نے سیمینار کے اختتامی سیشن میں ایک سفارشات پر مبنی ایک جامع رپورٹ مرتب کرنے اور است متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی قرارداد بھی منظور کی۔ سیمینار کے شرکائ نے چینی اور پاکستانی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو پاک چین دوستی کوبلندیوں تک پہنچانے میں قابل زکر کردار ادا کر رہی ہے۔









