ایس اے ٹی آر سی۔26” کا افتتاح ، خطے میں ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی میزبانی میں جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (ایس اے ٹی آر سی) کا 26واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ یہ اجلاس ایشیا پیسفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے زیرِ اہتمام سرینا ہوٹل، اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں اے پی ٹی کے سیکرٹری جنرل، مختلف ممالک کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز، پالیسی سازوں اور آئی سی ٹی ماہرین نے شرکت کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے خطے میں ڈیجیٹل تعاون اور پائیدار آئی سی ٹی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایشیاء پیسفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مسا نوری کونڈو نے پی ٹی اے کی میزبانی اور کامیاب انتظامات کو سراہا اور جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے مساوی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مشترکہ علاقائی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمٰن، نے کہا کہ پاکستان ریگولیٹری ہم آہنگی اور خطے میں تعاون کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اور پی ٹی اے ڈیجیٹل شمولیت، جدید ٹیکنالوجیز اور آئی سی ٹی کے پائیدار نظام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس اے ٹی آر سی-26 اسی مشترکہ وژن کی عکاس ہے جس کا مقصد ایک مربوط اور جنوبی ایشیا کی جدید تشکیل ہے۔ فتتاحی اجلاس کے دوران ریجنل ڈائیلاگ برائے آئی سی ٹی پالیسی اورریگولیشن کو مضبوط بنانے میں پی ٹی اے کے فعال کردار پر روشنی ڈالی گئی، اور ڈیجیٹل تعاون و علاقائی شمولیت کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو قابل ستائش قرار دیاگیا۔












