ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان نے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی
بینکاک (نمائندہ خصوصی) تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن ایران کو سنسنی خیز مقابلے میں تین ایک سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں ہونے والے کراس اوور راؤنڈ میں گروپ ایف کے میچ میں پاکستان نے ایران کو 3ـ1 سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور ایران کے درمیان میچ دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، ایران کے خلاف پاکستان کی جیت کا اسکور 25ـ23، 25ـ19، 22ـ25 اور 31ـ29 رہا۔
پاکستان کی جانب سے فیضان اللّٰہ، محمد عرفان ، محمد جنید اور ساران بیگ نے نمایاں کھیل پیش کیا۔ فیضان اللّٰہ نے 21 اٹیک پوائنٹس سمیت 23 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ عرفان نے 16 پوائنٹس بنائے۔میچ میں مجموعی طور پر پاکستان نے ایران پر اٹیک پوائنٹس میں 51ـ44 اور بلاک پوائنٹس میں 15ـ11 سے سبقت رکھی جبکہ سروس پوائنٹس میں ایران بہتر رہا۔کراس اوور راؤنڈ کے دونوں میچز جیت کر پاکستان اس مرحلے کے گروپ ایف میں ٹاپ پر رہا جبکہ کوریا کے خلاف پہلے راؤنڈ کی جیت کے پوائنٹس پاکستان نے کیری فارورڈ کیے تھے۔پاکستان پہلے ہی ایونٹ کے ٹاپ فور میں اپنی جگہ پکی کر چکا ہے جہاں اس کا مقابلہ بھارت یا جاپان سے ہو گا۔












