ایچ بی ایل پی ایس ایل 10: رسل ڈومینگو لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر
لاہور(سید جاوید حسن شاہ) پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ڈیرن گف کی جگہ لیں گے، جنہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر معذرت کر لی تھی۔ لاہور قلندرز کے ترجمان کے مطابق رسل ڈومینگو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر رسل ڈومینگو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر بے حد پرجوش ہوں۔ میں جلد از جلد کام شروع کرنے، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سے ملنے کا منتظر ہوں۔
لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے نئے کوچ کی تقرری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”ہمیں خوشی ہے کہ رسل ڈومینگو ہیڈ کوچ کے طور پر قلندرز فیملی میں شامل ہو رہے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر وسیع تجربہ اور کھلاڑیوں کو نکھارنے کی صلاحیت انہیں لاہور قلندرز کے لیے ایک قیمتی اثاثہ بناتی ہے۔”انہوں نے مزید کہا: “ہمیں یقین ہے کہ رسل ڈومینگو کی قیادت ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔”لاہور قلندرز اپنا پہلا میچ 11 اپریل کو راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی.












