ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے لیے کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی دستیاب
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز کے لیے کراچی کنگز کو بڑی تقویت حاصل ہو گئی ہے، کیونکہ ٹیم کے تمام اہم غیر ملکی کھلاڑی دستیاب ہو چکے ہیں۔ ٹیم کے کپتان ڈیوڈ وارنر سمیت چھ غیر ملکی کھلاڑی کراچی کنگز کو جوائن کر رہے ہیں، جو ٹیم کی بیٹنگ اور آل راؤنڈ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹر ٹم سائفرٹ بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، جب کہ اس سیزن میں کراچی کنگز کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے جیمز وِنس کی پاکستان آمد بھی متوقع ہے۔
کراچی کنگز کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور افغان لیجنڈ محمد نبی بھی بقیہ میچز کے لیے دستیاب ہیں، جو بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔اس کے علاوہ، آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر بین مکڈرمٹ اور اسکاٹش بیٹر جارج منسی بھی اپنی دستیابی کی تصدیق کر چکے ہیں۔کراچی کنگز کا اگلا مقابلہ 17 مئی کو پشاور زلمی کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں ٹیم اپنے مکمل اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔












