اے پی ٹی کے سیکریٹری جنرل کا پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے سیکریٹری جنرل مسانوری کونڈو نے آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمٰن، نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ممبر فنانس محمد نوید، ممبر انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر اور پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں علاقائی تعاون، ڈیجیٹل تبدیلی اور استعدادِ کار میں اضافے سے متعلق باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری جنرل مسانوری کونڈو نے اے پی ٹی کی مختلف سرگرمیوں میں پی ٹی اے کے فعال اور نمایاں کردار کو سراہا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ایشیا پیسیفک خطے میں ڈیجیٹل شمولیت، باہمی تعاون اور تکنیکی ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔












