بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال،پانی بجلی کے مسائل حل کئے جائیں: شاہد خاقان عباسی

کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) سربراہ عوام پاکستان پارٹی و سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔صدر کوئٹہ چیمبر ایوب میریانی، سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ، نائب صدر انجنیئر میر وائس خان کاکڑ، ایگزیکٹو و سینئر ممبران کیساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے یہاں پانی بجلی کے مسائل حل کئے جائیں،تاجر برادری کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ملک کے مسائل کا حل قانون کی حکمرانی میں ہے اور ناانصافی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔انہوں نے بلوچستان کے وسائل اور حقوق پر بھی بات کی اور کہا کہ بلوچستان کو اس کے آئینی حقوق ملنے چاہئیں یہ ممکن نہیں کہ بلوچستان میں انتشار ہو اور ملک اس سے محفوظ رہےیہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مسائل حل کریں۔
کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کےصدرمحمد ایوب خان مریانی نے اس موقع پر تاجروں کو درپیش اہم مسائل سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ہائی ٹیرف، زمینی تجارتی راستوں کی بندش، ایران سے تجارت پر پابندیاں، پنجاب میں قانونی سامان کی ضبطگی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مداخلت جیسے معاملات نے بزنس کمیونٹی کو شدید پریشان کیا ہوا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں آپ جیسے مدبر سیاستدان ان مسائل کو وفاقی سطح پر اُجاگر کریں گے تاکہ بلوچستان کی تاجر برادری کو بھی مساوی معاشی مواقع حاصل ہو سکیں۔آخر میں صدر ایوب میریانی نے معزز مہمان کو چیمبر کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں