بھارتی فاسٹ بولر بمراہ کا مداح کے ساتھ نامناسب رویہ، موبائل چھیننے کی ویڈیو وائرل
(اسپورٹس ڈیسک): بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو دنیا کے خطرناک ترین بولر میں شمار کیا جاتا ہے اور بھارت کے باہر بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے لیکن حال ہی میں ایئرپورٹ پر اپنے مداح کے ساتھ ان کے رویے پر تنقید کی جا رہی ہے اور ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جسپریت بمرا ائیرپورٹ پر موجود تھے جہاں ایک مداح کی جانب سے سیلفی لینے کی خواہش پر چڑ گئے اور ان کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا، اس وقت وہ ایئرپورٹ چیک ان کے لیے انتظار میں کھڑے تھے۔ بمراہ کے سخت رویے کے باوجود مداح سیلفی ویڈیو بناتے رہے اور ان کے ساتھ باتیں کرتے رہے اور بعد ازاں وہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں بمراہ کو مداح کو کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ فون گر جائے گا اور نقصان ہوگا لیکن اس کے باوجود مداح ویڈیو بنانے سے باز نہیں رہے اور پھر فاسٹ بولر نے آگے بڑھ کر موبائل فون اٹھالیا۔ اس دوران دونوں کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا اور مداح نے کہا کہ ‘میں آپ کے ساتھ جاؤں گا سر’، جس پر بمراہ کہتے ہیں ‘آپ کا فون گر جائے گا پھر میرے کو نہیں کہنا’ اس کے باوجود مداح کہتے ہیں ‘کوئی بات نہیں ہے سر’۔ بمراہ اس کے بعد آگے بڑھ کر موبائل چھین لیتے ہیں اور ویڈیو بھی ختم ہوجاتی ہے۔












