بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد، سابق سی ای او گرفتار

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 8 مارچ 2025 کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے مطابق ملزم عاطف محمد خان نے بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد، اس کی اہلیہ نادیہ حسین کو ایک جعلساز کی جانب سے واٹس ایپ کال موصول ہوئی، جس میں ایف آئی اے کے سینئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی گئی۔ جعلساز نے ان سے رشوت طلب کرنے کی کوشش کی۔ نادیہ حسین نے فوری طور پر ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، جس پر انہیں جعلی کال سے آگاہ کیا گیا اور سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں شکایت درج کروانے کی ہدایت دی گئی۔ تاہم، انہوں نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بغیر ثبوت کے الزامات لگانا ایک قانونی جرم ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، کسی بھی فرد کو بے بنیاد پروپیگنڈا کر کے ایک منظم ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نادیہ حسین کے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ملکی قوانین کے تحت ایک سنگین جرم تصور کیے جاتے ہیں۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں کسی بھی مشکوک کال یا رابطے کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رجوع کریں اور بغیر تصدیق کے کسی بھی طرح کی معلومات شیئر نہ کریں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں