تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں گلف تعاون کونسل کے ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر بحرین، عمان اور کویت کے انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے خصوصی شرکت کی۔ گلف تعاون کونسل کے ممالک کے انسداد منشیات فورس کے ڈی جیز بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس کے شرکاء نے انسداد منشیات کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور اجتماعی اقدامات پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے گلف تعاون کونسل کے ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود کو خوش آمدید کہا۔ اے این ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید نے گلف تعاون کونسل کے ممالک کے ڈی جیز نارکوٹکس کنٹرول کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے پاک- گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی کانفرنس منشیات کی سمگلنگ کے خلاف عالمی تعاون کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور سرحد پار مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی جانب ایک اہم کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، عمان، قطر، کویت اور جی سی سی-سی آئی سی سی ڈی کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد منشیات جیسے عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کانفرنس منشیات سے پاک دنیا اور محفوظ مستقبل کی جانب اہم پیشرفت ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان، منشیات کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی دوستوں کے ساتھ مل کر ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا کہ میرے لیے یہ اعزاز اور فخر ہے کہ میں آپ کو اس اہم کانفرنس میں خوش آمدیدکہہ رہا ہوں، آج ہم صرف اپنی ریاستوں کے نمائندے نہیں بلکہ عالمی محاذ پر صفِ اول کے سپاہی بن کرمنشیات کے خلاف یہاں اکٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے وفود کی یہاں موجودگی ہمارے مشترکہ عزم کی مظہر ہے، تعاون کو مزید مستحکم، انٹیلی جنس کے تبادلے اور مؤثر حکمت عملی وضع کرکے منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کو روکنا ہے۔ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنی نوجوان نسل اور معاشروں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنا ئیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی حکومت خلیجی ریاستوں کے ساتھ انسداد منشیات کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے، ہم انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ تربیت، حقیقی وقت میں رابطہ، اور فرانزک و تکنیکی اشتراک جیسے میدانوں میں اشتراک کو فروغ دینا چاہتے ہیں، خلیجی ممالک کی حمایت اور شراکت داری ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں