تین سپورٹس فیڈریشنز کے انتخابات: نامزدگیوں کا مرحلہ مکمل، کمیشن کی جانب سے آئنیی و قانونی اعتراضات، 5 پینلز میدان میں
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر انتظام الپائن کلب، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور پاکستان ٹین پن بولنگ فیڈریشن کے انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ الپائن کلب اور بولنگ فیڈریشن میں ایک ایک جبکہ باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں تین پینلز نے نامزدگیاں جمع کرائی ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران تینوں فیڈریشنز کے امیدواروں اور ووٹرز کی فہرستوں پر متعدد اعتراضات سامنے آئے، جن میں آئینی خامیاں، غیر متعلقہ عہدوں پر نامزدگیاں، ووٹرز کے افیلیئیشن سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی، اور بعض امیدواروں کے نامزدگی لیٹرز پر ذاتی لیٹر ہیڈ کا استعمال شامل ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام اعتراضات 13 جون دوپہر 2 بجے تک دور کیے جائیں، بصورت دیگر متعلقہ افراد نااہل تصور کیے جائیں گے۔الیکشن کا انعقاد 20 جون کو پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور میں ہوگا، جہاں الپائن کلب کا انتخاب صبح 10 بجے، باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا دوپہر 2:30 بجے اور ٹین پن بولنگ کا شام 4 بجے ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ وسیم ماجد ملک ہیں، جبکہ بابر سہیل اور ذوہیب حسن گوندل بطور اراکین خدمات انجام دے رہے ہیں۔












