جنوبی افریقا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا
سنچورین(نمائندہ خصوصی)جنوبی افریقا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک( جمعرات تا پیر)سپر سپورٹ پارک، سنچورین میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اورتین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جاچکی ہے،جنوبی افریقا کی ٹیم نے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو 0ـ2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، پاکستان کی ٹیم نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان پروٹیز ٹیم کو 0ـ3 سے کلین سویپ کیا۔
ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز شان مسعود کریں گے جبکہ پروٹیز ٹیم کو ٹیمبا بوومالیڈ کر یں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹائون میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے پاکستانی سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)،عبداللہ شفیق،بابر اعظم، سعود شکیل،صائم ایوب،سلمان آغا،عامر جمال،کامران غلام،نعمان علی،حسیب اللہ خان،محمد رضوان،خرم شہزاد،میر حمزہ،محمد عباس اور نسیم شاہ شامل ہیں۔پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ سنچورین میں پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے۔ سنچورین میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہوگا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کو اْس کی سرزمین پر 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار کیا تھا.












