جنوبی افریقا 301 رنز بناکر آؤٹ، پاکستان کیخلاف 90 رنز کی برتری
سنچورین(نمائندہ خصوصی)پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 90 رنز کی برتری حاصل کرلی۔سنچورین میں جاری میچ میں جنوبی افریقا کی 9ویں وکٹ 254 رنر پر گری، کگیسو رباڈا 13 رنز بناکر عامر جمال کا شکار بنے۔اس سے قبل دوسرے روز کھیل کا آغاز ایڈن مارکرم نے 47 اور ٹمبا باووما نے 4 رنز سے کیا۔جنوبی افریقا کی چوتھی وکٹ کپتان ٹمبا باووما کی صورت میں گری، وہ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کی پانچویں 178 رنز پر گری، جب ڈیوڈ بیڈنگھم 30 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقا نے دوسرے دن کے کھیل میں کھانے کے وقفے تک 5 وکٹ پر 180 رنز بنا لیے ہیں، جنوبی افریقا کو پاکستان کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 31 رنز درکارتھے۔
واضح رہے کہ سنچورین ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 3 وکٹ پر 82 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما نے کہا کہ ہم اس سیریز کو جیتنے پر فوکس کر رہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کنڈیشنز سیمرز کے لیے فائدہ مند ہوں گی، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پُرجوش ہیں۔پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقا کا آغاز ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوا تھا جس کے بعد ون ڈے سیریز بھی کھیلی گئی تھی۔قومی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی تھی جبکہ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز پاکستان ٹیم نے جیتے تھے۔












