حکومتِ پاکستان اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے درمیان “علامہ اقبال وزیٹنگ فیلوشپ” کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لندن(نمائندہ خصوصی)حکومتِ پاکستان اور یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ کے مابین “علامہ اقبال وزیٹنگ فیلوشپ” کے قیام کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لندن میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جس میں وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، حکومتِ پاکستان اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے سنٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے پرو وائس چانسلر پروفیسر کمال منیر، سنٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کی ڈائریکٹر پروفیسر شائلاجہ فینل اور پاکستان ہائی کمیشن کے افسران بھی شریک ہوئے۔اس یادداشت کے تحت تاریخی کیمبرج یونیورسٹی میں “علامہ اقبال وزیٹنگ فیلوشپ” کا قیام عمل میں آئے گا، جس کا مقصد پاکستان کی تاریخ، زبان، ادب، ثقافت اور فلسفے کو عالمی تعلیمی حلقوں میں فروغ دینا ہے۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب سے خطاب میں کہا: “علامہ اقبال کی پاکستان کی تاریخ، ادب اور فلسفے میں خدمات بے مثال ہیں۔ اُنہیں پاکستان کا فکری بانی تصور کیا جاتا ہے۔ اقبال کی شاعری اور فلسفہ نے تحریک پاکستان کی نظریاتی بنیاد رکھی اور قائداعظم محمد علی جناح جیسے رہنماؤں کو متاثر کیا۔”انہوں نے مزید کہا کہ: “یہ مفاہمتی یادداشت ہماری اُس کوشش کا سنگِ میل ہے جس کا مقصد پاکستان کے بھرپور ثقافتی، ادبی اور علمی ورثے کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ یہ شراکت داری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔”
“علامہ اقبال وزیٹنگ فیلوشپ” کے تحت پاکستان سے منتخب ہونے والے ممتاز ماہرینِ تعلیم کو یونیورسٹی آف کیمبرج میں سنٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز میں وزیٹنگ فیلو کے طور پر مدعو کیا جائے گا۔ فیلو کیمبرج میں طلباء و اساتذہ کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، ادبی، لسانی، جغرافیائی اور ثقافتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرے گا۔یہ وزیٹنگ فیلو اردو، مطالعہ پاکستان، پاکستانی ادب، تاریخ اور ثقافت کے موضوعات پر تدریسی خدمات بھی انجام دے گا۔









