حکومت جاپان کے میکسٹ ریسرچ اسکالرشپس پر ہونہار پاکستانی طلبا وطالبات منتخب: جاپان کی صف اول کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے

اسلام آباد (غلام مرتضی)حکومت جاپان نے گیارہ ہونہار پاکستانی طلباءو طالبات کو تعلیمی سال 2025 کے لیے میکسٹ (MEXT) (وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی) ریسرچ اسکالرشپس سے نوازا ہے۔منتخب طلباءو طالبات جاپان کی معروف یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کی تعلیم حاصل کریں گے۔ میکسٹ(MEXT) ریسرچ اسکالرشپ حکومت جاپان کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر سے منتخب طلبا وطالبات کو جاپان کی جامعات میں گریجویٹ/پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے لیے مکمل مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔سفارت خانے کے ذریعے دیے جانے والے وظائف کے علاوہ متعدد پاکستانی طلباء جاپانی یونیورسٹیوں میں ہر سال براہ راست اپلائی کر کے میکسٹ اسکالرشپ بھی حاصل کرتے ہیں۔
جاپان روانگی سے قبل جاپان کے سفارت خانے نے ان اسکالرشپ گرانٹیز کے لیے اورینٹیشن سیشن کا اہتمام کیا جس میں پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان میں جاپان کے سفیر اکا متسو شوچی نے میکسٹ ایلومینای ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAAP) کے ممبران کے اعزاز میں اور رخصت ہونے والے سکالرشپ گرانٹیز کو الوداع کرنے کے لیے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک افطار استقبالیہ کا اہتمام کیا۔جاپان کے سفیر نے اپنے خطاب میں منتخب طلباءو طالبات کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور جاپان کے ممتاز اداروں میں ان کی تعلیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ MEXT ریسرچ اسکالرشپ ایک شاندار پروگرام ہے جس میں عالمی معیار کی تعلیم کے ساتھ ساتھ جاپانی ثقافت اور معاشرے کو سمجھنے کا سنہری موقع ملتا ہے۔
سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسکالرز جاپان میں جدید تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان واپس آکر اپنے ملک کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالیں گے اور MAAP کے ممبران کے ساتھ مل کر جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے پل کا کام کریں گے۔انہوں نے جاپانی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں MAAP کی جاری کوششوں کو سراہا۔حکومت جاپان کے تحت 1954 میں قائم ہونے والے میکسٹ ریسرچ اسکالرشپ پروگرام میں 1963 میں پاکستان کی طرف سے پہلی بار طلبا وطالبات منتخب ہوئے۔ جاپان سے فارغ التحصیل سابق طلباء اب تعلیمی، سرکاری اور نجی شعبوں میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔جاپانی حکومت ہر سال پاکستانی طلباء کو انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ وظائف کے ساتھ ساتھ مختصر مدت کے تربیتی پروگراموں کی پیشکش کرتی رہتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں