رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل اتباع کے ذریعے دین کی حقیقی روح کو زندہ کریں گے اور پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنائیں گے. قدسیہ ناموس
اسلام آباد (عمر حیات خان) نبی کریم ﷺ کی سیرت محض ایک تاریخی باب نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے دائمی رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی کے ہر پہلو میں آج کے انسان کے لیے ہدایت موجود ہے اور یہ محبت اس وقت حقیقی بنتی ہے جب ہم اپنی زندگیاں سیرت النبی ﷺ کے مطابق ڈھالیں۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے انسانیت کو غلامی اور جہالت کے اندھیروں سے نکال کر اللہ کی بندگی اور عدل و انصاف کے راستے پر ڈالا۔ آپ ﷺ کی دعوت کا مرکزی پیغام یہ تھا کہ زندگی کے ہر شعبے میں اللہ کی ہدایت کو اختیار کیا جائے اور دنیا میں امن، انصاف اور خیر کے قیام کے لیے اپنی عملی قوت استعمال کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ سے محبت محض زبانی دعوے کا نام نہیں بلکہ اس کا حقیقی اظہار عمل میں ہوتا ہے۔ آپ ﷺ نے ایمان، اخلاق، اخوت، قربانی اور عدل کی جو مثالیں قائم کیں وہی آج ہمارے لیے اصل معیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیرت سے وابستگی کو کسی ایک دن یا موقع تک محدود کر دینا درست رویہ نہیں، بلکہ پورا سال اور پوری زندگی میں ہمیں اپنے قول و فعل سے سیرت النبی ﷺ کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اس بات کا عزم رکھتی ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی مکمل اتباع سے معاشرے میں دین کی حقیقی روح کو زندہ کریں گے اور پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنائیں گے جہاں عدل وانصاف کی فضا عام ہو۔












