سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کروانے کی آج آخری تاریخ، توسیع کا امکان
سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کروانے کی آج آخری روز، حکومت کی طرف سے تاریخ میں توسیع کا امکان ہے۔حج 2024 کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کی جانب سے درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواستیں جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے جو منظور کردہ 15 بینکوں میں جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مقررہ تعداد سے کم درخواستیں موصول ہونے کی وجہ سے وزارت مذہبی امور نے تاریخ میں توسیع پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب تک کوٹے کی تقریبآ ایک تہائی درخواستیں جمع ہو سکی ہیں جبکہ حج درخواستوں کی وصولی میں صرف آج کا دن باقی رہ گیا ہے۔ اب تک 14 روز میں 28 ہزار درخواستیں جمع ہوسکی ہیں۔وزارت حج درخواستوں کی وصولی کی مدت ایک ہفتے سے 10 روز تک بڑھائی جا سکتی ہے، حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی ہونے کے باوجود فی کس قربانی کے اخراجات سمیت تقریباً 11 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔اس وقت سرکاری اسکیم کے تحت مجموعی کوٹہ 89 ہزار 605 ہے، کم دورانیہ کا حج متعارف کرانے کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں نےعدم دلچسپی ظاہر کی ہے۔اس سے قبل نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ‘ہم مزید کمی کے لیے کوشش کررہے ہیں، صرف ایک لاکھ پر اکتفا نہیں کریں گے۔ ایک لاکھ کمی پر مطمئن نہیں، مزید کمی کے لیے کوشش کررہے ہیں، چاہتے ہیں حاجی ہمیں دعائیں دیں۔











