سعودیہ گروپ کا جون2025میں بروقت کارکردگی کے اعتبار سے عالمی سطح پر پہلا نمبر،پاکستانی روٹس پر شاندار کارکردگی
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ)سعودیہ گروپ قومی ایوی ایشن سٹریٹیجی کے مقاصد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے عمدہ آپریشنل کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔یہ کامیابی پاکستان کیلئے خاص طور پر اہم ہے،کیونکہ ہزاروں پاکستانی عازمین حج اور دیگر مسافررش کے سیزن میں سعودیہ ایئر لائن پر انحصار کرتے ہیں۔ عالمی ایوی ایشن کے سرکردہ تجزیہ کار Cirium کی ایک جون2025کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودیہ جون کے مہینے کے دوران پروازوں کی بر وقت آمد و روانگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے نمبرپررہا۔ ایئر لائن نے جون کے مہینے کے دوران 16,700 سے زیادہ پروازیں چلائیں، جس میں بروقت آمد کی شرح 91.33فیصد اور بروقت روانگی کی شرح90.69فیصد رہی۔
خاص طور پر حج، عمرہ، کاروبار یا خاندانی دوروں کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے والے پاکستانی مسافر اس غیر معمولی بروقت ریکارڈ سے بہت فائدہ اٹھاتے ہیں، جو کہ سفر کے حوالے سے مسافروں کو اعتماد دیتا ہے اور تاخیر کے خدشات کو ختم کرتا ہے،جس سے ان کا سفر خوشگوار اور زیادہ آرام دہ گذرتا ہے۔سال2025میں یہ دوسرا موقع ہے کہ سعودیہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی میں دنیا میں پہلے نمبر پر رہی ہے،اس سے قبل مارچ میں بھی سعودیہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر تھی۔ یہ کامیابی سعودیہ اور فلائی اے ڈیل کی شاندار اور بہترین آپریشنل کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے، جس کا مظاہرہ خاص کرحج، موسم گرما اور عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران کیا گیا،جس سے پاکستانی مسافروں نے بڑی تعداد میں استفادہ اٹھایا۔

سعودیہ گروپ کے ڈائریکٹر جنرل عزت مآب انجینئر ابراہیم العمر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ”غیر معمولی بروقت کارکردگی کے حصول اور شاندار آپریشنل کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے گروپ کے تمام شعبوں اور ذیلی اداروں کے درمیان ہم آہنگی نے اہم کردار ادا کیا۔یہ کامیابی قومی ایوی ایشن کی حکمت عملی اور خاص کر مسافروں کے سفری تجربے کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہمارے عزم کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے سعودیہ کی کامیابی کارکردگی کا ایک معیار قائم کرتی ہے اور تربیت، آپریشنل معیارات اور ڈیجیٹل ایوی ایشن ٹیکنالوجیز میں دو طرفہ تعاون کے مواقع فراہم کرتی ہے۔سعودیہ گروپ کے فضائی بیڑے میں 188 نئے طیارے شامل کرنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ پاکستانی مسافروں بشمول مذہبی زائرین، سیاحوں اور کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ پر ایئر لائن کا انٹیگریٹڈ آپریشنز کنٹرول سینٹر (IOCC) اس حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے۔مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی سہولت کے طور پر، IOCC سعودیہ گروپ کے تمام اداروں میں فلائٹ آپریشنز کو مربوط کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، اور عمدہ کارکردگی،اعتماد اور ہموار آپریشنز کو یقینی بناتا ہے۔سعودی عرب کی جانب سے قومی ایوی ایشن کی حکمت عملی کے تحت اپنے ایوی ایشن کے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے ساتھ ہی پاکستانی مسافر اور ایئر لائنز علاقائی ایوی ایشن ایکو سسٹم کے تحت بہتر رابطے، ہموار سفری تجربات اور زیادہ تعاون سے مستفید ہو رہے ہیں۔












