سولرتوانائی کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش سولر پاکستان 2025 کا ملتان میں آغاز
ملتان (نمائندہ خصوصی) سولر توانائی کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش سولر پاکستان 2025کاریلوے آفیسر کلب ملتان میں شاندار انداز میں افتتاح ہو گیا۔ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام تین روزہ نمائش 18 تا 20 جولائی تک جاری رہے گی ۔ نمائش میں 50 سے زائد کمپنییاں، پالیسی ساز اور توانائی ماہرین شرکت کر رہے ہیں
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی محمد ندیم قریشی، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب تھے، جنہوں نے اس اقدام کو سراہا اور متبادل توانائی کی طرف منتقلی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا: “پاکستان اس وقت بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ صاف اور پائیدار توانائی ہی مستقبل کا راستہ ہے۔ ملتان اور جنوبی پنجاب میں شمسی توانائی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور یہ نمائش اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ” سولر پاکستان نمائش میں جدید ترین شمسی ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی ہے، جن میں ہائی ایفیشنسی سولر پینلز، اسمارٹ اسٹوریج سسٹمز اورانورٹرز شامل ہیں۔ اس کا مقصد سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او، سلیم خان تنولی نے کہا: “سولر پاکستان 2025 ملک کی متبادل توانائی کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس نمائش کو ملتان میں منعقد کر کے ہم جنوبی پنجاب کے شمسی صلاحیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں جدت اور عملی اقدامات مل کر ایک سرسبز مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔
سولر پاکستان 2025 جدید، سستی اور متبادل توانائی کے حل کو فروغ دے رہی ہے۔ اس نمائش کا مقصد توانائی کے شعبے میں جدت، تعاون اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔












