صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بھارتی جارحیت کے شہداء کو خراج عقیدت، افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سلام
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پر بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں اور معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور اس کی بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر کھڑی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” کے ذریعے ہماری افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنی سالمیت و خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی کھلی جارحیت نے قوم کو مزید متحد اور مضبوط کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے بھارتی حملوں کے دوران شہریوں خصوصاً بچوں اور خواتین کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔












