صدر مملکت آصف علی زرداری کی 62 ویں نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ کے فائنل میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
لاہور(سید جاوید حسن شاہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں منعقدہ 62 ویں نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ کے فائنل میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ صدر مملکت نے ڈی ایس پولو ٹیم کو 62 ویں نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور انہیں قائدِاعظم گولڈ کپ 2025 کی ٹرافی پیش کی۔ تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، بینک الفلاح کے سی ای او عاطف باجوہ اور لاہور پولو کلب کے سینئر عہدیداران بھی شریک ہوئے۔
پولو چیمپئن شپ کے فائنل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے میچ اور اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اٹھایا۔ صدر مملکت نے فائنل کے اختتام پر دیگر کیٹیگریز میں بھی ایوارڈز تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کے جذبے اور مہارت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں پولو سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی شخصیت سازی اور قومی یکجہتی کا اہم ذریعہ ہیں۔












