صومالیہ کے سرکاری وفد کا نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے ایک سرکاری وفد نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت صومالیہ کی وزارت محنت و سماجی بہبود کی پروگرام ڈائریکٹر محترمہ فردوسہ احمد عبدالاہی کر رہی ہیں۔ صومالی وفد قومی سماجی و فلاحی پروگراموں سے متعلق مطالعاتی دورے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔ بریفنگ کے دوران وفد کو ملک میں جاری مختلف سماجی و فلاحی منصوبوں میں نادرا کے وسیع کردار اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لئے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) کے علاوہ وطن کارڈ، کووڈ ایمرجنسی کیش پروگرام اور سماجی تحفظ کی سکیموں میں نادرا کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وفد کو صحت کے مختلف پروگراموں میں نادرا کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (نِمز) کے تحت کووڈ -19، پولیو اور یرقان کے ویکسین سرٹیفکیٹس کا اجراء بھی شامل ہے۔ وفد کو ملک گیر سطح پر خدمات اور معاونت کی فعال اور شفاف فراہمی کے سلسلے میں نادرا کے ڈیٹابیس اورڈیجیٹل سہولیات کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ نادرا حکومت پاکستان کی ہدایت پر صومالیہ کے قومی شناختی نظام کو فعال کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وفد کی قائد نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی طرف سے حکومتِ پاکستان کے تعاون کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔ صومالیہ کے وفد میں مختلف سرکاری محکموں کے سینئر افسران شامل ہیں۔ نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران ورلڈ بینک سے تعلق رکھنے والے شعبہ سماجی تحفظ کے ماہر نصیر خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں