عمران خان اور بشری بی بی کی ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگانے پر سپریٹنینڈنٹ جیل کو نوٹس
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت کے کیس میں بانی پی ٹی آئی، اہلیہ کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہ لگانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے ایڈیشنل سیشنز جج طاہر عباس سپرا نے توہین عدالت شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس میں بتایا گیا کہ جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ویڈیو لنک سسٹم خراب ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی حاضری نہیں لگوائی جا سکتی، آپ کو حکم دیا گیا تھا کہ حاضری لگوانے کے لیے ویڈیو لنک کے کار آمد ہونے کو یقینی بنائیں، جو آپ نے نہیں کیا، آپ کا یہ رویہ عدالتی حکم عدولی کے زمرے میں آتا ہے۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تحریری طور پر نوٹس کا جواب جمع کروائیں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اپنے جواب کے ساتھ ویڈیو لنک کے ٹیکنیکل اسٹاف کی رپورٹ بھی جمع کروائیں، آئندہ سماعت پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔نوٹس کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت 25 مارچ 2024 کو ہوگی











