فریتیاف رسٹن ٹیلی نار پاکستان کے نئے سی ای او مقرر،خرم اشفاق ٹیلی نار گروپ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): ٹیلی نار پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فریتیاف رسٹن کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔ وہ خرم اشفاق کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جو اب ٹیلی نار گروپ میں ایک نئی قیادتی ذمہ داری ادا کریں گے۔ فریتیاف یکم ستمبر 2025 سے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کی قیادت سنبھالیں گے۔ فریتیاف رسٹن 23 سال سے زائد بین الاقوامی پیشہ ورانہ تجربے کی حامل شخصیت ہیں ۔ وہ ٹیلی نار گروپ کے ساتھ ایشیا میں مختلف اہم قیادتی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حالیہ طور پر وہ ٹرو کارپوریشن میں چیف ٹرانسفارمیشن آفیسر کے طور پر تعینات تھے، جہاں انہوں نے ڈی ٹیک اور ٹرو کے انضمام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کی۔ اس سے قبل، وہ 2020 سے 2023 تک ٹیلی نار پاکستان میں بطور چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ٹیلی نار پاکستان کے بورڈ کے چیئرمین، ماریئس گیگرنیس نے کہا”:ہم فریتیاف رسٹن کو ٹیلی نار پاکستان کے نئے سی ای او کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا تجربہ، قیادت اور پاکستان کی مارکیٹ سے گہری واقفیت انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے نہایت موزوں بناتی ہے۔ بطور سی ایف او، انہوں نے کمپنی کو اسٹریٹجک تبدیلی اور آپریشنل بہتری کے ایک اہم مرحلے سے کامیابی سے گزارا۔ میں خرم اشفاق کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے گزشتہ دو برس کے دوران کمپنی کو غیر معمولی قیادت فراہم کی۔ ان کی رہنمائی میں ٹیلی نار پاکستان نے نہ صرف مستحکم کاروباری نتائج حاصل کیے بلکہ ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو بھی تیز تر کیا، صارفین کی قدر کو ترجیح دی اور مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھا۔”انہوں نے مزید کہا،” ٹیلی نار پاکستان نے ہمیشہ اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افراد تیار کیے ہیں، جو بعد ازاں ٹیلی نار گروپ میں کلیدی عالمی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ یہ ادارے کی افراد پر مبنی حکمتِ عملی، قیادت کی تربیت، کراس فنکشنل تجربات اور مسلسل سیکھنے کی ثقافت کا مظہر ہے۔ خرم اشفاق اسی روایت کی ایک نمایاں مثال ہیں۔
ٹیلی نار پاکستان کے نامزد سی ای او فریتیاف رسٹن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “پاکستان واپس آنا اور ایک باصلاحیت ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا موقع ملنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ میں اس ادارے کی اُس مضبوط ثقافت کو مزید پروان چڑھانے کے لیے پُرعزم ہوں جو خودمختاری، جدت اور دیانت داری پر مبنی ہے۔ ہم پاکستان میں بدلتے ہوئے ٹیلی کمیونی کیشن منظرنامے میں ترقی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر موجودہ سی ای او خرم اشفاق نے کہا،”گزشتہ دو برسوں کے دوران ٹیلی نار پاکستان کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز رہا۔ میں اپنی ٹیم کے ہر فرد کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے تبدیلی کے اس سفر میں مستقل لگن اور عزم کے ساتھ ادارے کو مستحکم رکھا۔ ہم نے صرف لاکھوں لوگوں کو جوڑنے کا کام نہیں کیا، بلکہ کئی کمیونٹیز کو بااختیار بھی بنایا۔ میں فریتیاف رسٹن کو ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے دعاگو ہوں اور پُرامید ہوں کہ ان کی قیادت میں ٹیلی نار پاکستان لاکھوں زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتا رہے گا۔












