فیس بک اور انسٹا گرام کے درمیان میسجنگ فیچر ختم کرنے کا فیصلہ
کیلیفورنیا: دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے دونوں ایپس کے درمیان میسجنگ فیچر کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا نے سال 2020 میں کراس ایپ میسجنگ فیچر متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ انسٹا گرام، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کو ایک کر دیا جائے گا تاکہ صارفین کسی بھی ایک پلیٹ فارم سے دیگر ایپس کے صارفین سے بات کر سکیں۔
اس فیچر کی آزمائش انسٹاگرام اور میسنجر میں کراس میسجنگ فیچر کے ذریعے کی گئی تھی تاہم اب اچانک کمپنی کی جانب سے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے انسٹا گرام ہیلپ سینٹر پیج پر صارفین کو آگاہ کیا گیا کہ کراس میسجنگ فیچر دسمبر 2023 کے وسط میں ختم ہو جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے فیچر کو ختم کرنے کے فیصلے کے حوالے سے یہ نہیں بتایا گیا کہ اس کو ختم کرنے کی کیا وجہ ہے تاہم 9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایسا ممکنہ طور پر یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹ ایکٹ (ڈی ایم اے) کی وجہ سے کیا گیا ہے۔











