قومی ٹیم کا لاہور میں جاری کیمپ آج مکمل ہو گیا
لاہور (سید جاوید حسن شاہ)پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز میں شرکت کے لیے تیار ہے۔ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں مکمل ہو چکا ہے، اور کھلاڑی کل رات قومی ایئرلائن کی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کھلاڑی بھی وہاں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پاکستان اور شام کے درمیان پہلا میچ 25 مارچ 2025 کو الاحساء، سعودی عرب میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق، کوالیفائرز ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، اور پاکستان گروپ ای میں شامل ہے، جس میں شام، افغانستان اور میانمار کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن ہوں گے، جو پہلے بھی اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔
قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں گول کیپرز یوسف بٹ، ثاقب حنیف، عبدالباسط اور آدم خان شامل ہیں۔ ڈیفینڈرز میں عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، حسیب خان، جنید شاہ، مامون موسیٰ، محمد فضل، عبدالرحمان اور وقار احتشام شامل ہیں۔ مڈفیلڈرز میں عالمگیر غازی، علی عزیر، علی ظفر، محمد عمر حیات، راہس نبی، توقیر الحسن، عمیر علی اور معین احمد شامل ہیں۔ فارورڈز میں فرید اللہ، ہارون حامد، عمران کیانی، میکال عبداللہ، عبدالصمد، شائق دوست اور محمد عدیل یونس شامل ہیں۔












