لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 10 ٹرافی کے ساتھ ایس او ایس ولیج میں رنگا رنگ تقریب

لاہور (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی چمچماتی ٹرافی کے لاہور ٹور کے دوران لاہور قلندرز کی ٹیم نے ایک خوبصورت اور یادگار لمحہ تخلیق کیا، جب ایس او ایس ولیج میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل 10 ٹرافی کو ایس او ایس ولیج لے کر پہنچی تو وہاں موجود بچوں کی خوشی دیدنی تھی ۔ بچوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، نعرے لگائے اور خوشی سے نہال ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے مقبول بیٹر فخر زمان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا، کرکٹ کھیلی اور ان کے جوش و جذبے کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کے چہروں پر خوشی دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے، ان کا اعتماد بہت متاثر کن ہے -فخر زمان کی درخواست پر لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ایس او ایس ولیج کے بچوں کو پی ایس ایل میچز دکھائے جائیں گے تاکہ وہ اس کھیل کا لطف میدان میں بیٹھ کر اُٹھا سکیں۔ ثمین رانا، سی او او لاہور قلندرز نے کہا کہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور اپنائیت کا احساس دلانے کے لیے ٹرافی ولیج میں لائے ۔

ٹرافی کو مختلف مقامات پر لے جانے کے حوالے سے سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا: “ہر جگہ ٹرافی لے جانے کا مقصد یہ ہے کہ پی ایس ایل اب پاکستان کا ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر پاکستانی اس کا حصہ محسوس کرے۔”پی ایس ایل ٹرافی ٹور کا یہ مرحلہ نہ صرف بچوں کے لیے خوشی کا باعث بنا بلکہ کھیل اور سماجی ذمے داری کے حسین امتزاج کی خوبصورت مثال بھی قائم کر گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں