نیشنل جونیئر گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ آئندہ ماہ جنوری میں کھیلی جائیگی
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ)پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے نیشنل جونیئر گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ آئندہ ماہ 24سے 26جنوری تک پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ میں چار مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں انڈر 13، انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 شامل ہیں، چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والی ٹیموں کے عہدیدار اپنی، اپنی ٹیموں کی رجسٹریشن 10 جنوری سے قبل کروا سکتے ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 22جنوری کو ہوگی۔ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے 26جنوری کو کھیلے جائیں گے جن کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔












