نیپرا نے جنوری 2025 کے لیے 4.84 روپے فی یونٹ ریلیف کی درخواست پر عوامی سماعت مکمل کرلی
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے۔ الیکٹرک کی جانب سے جنوری 2025 کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں 4.84 روپے فی یونٹ ریلیف کی عبوری درخواست پر عوامی سماعت مکمل کرلی ہے۔ نیپرا حتمی فیصلے میں اس بات کی وضاحت کرے گا کہ صارفین کے بلوں میں اس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کس ماہ میں ہوگا۔فیول چارج ایڈجسٹمنٹ بجلی کی پیداوار کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور جنریشن مکس میں ہونے والی تبدیلیوں پر منحصر ہوتا ہے۔ یہ اخراجات نیپرا کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد صارفین کے بلوں میں شامل کیے جاتے ہیں، جبکہ ایندھن کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی صارفین کو منتقل کیا جاتا ہے۔ صارفین کے بلوں میں لاگو نرخوں کا تعین نیپرا کرتا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن وفاقی حکومت جاری کرتی ہے۔
عوامی سماعت کے دوران اٹھائے گئے نکات پر تبصرہ کرتے ہوئے، کے۔ الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے کہا کے 500 کے وی انٹرکنیکشن کے ترقیاتی کام این ٹی ڈی سی کی جانب سے تکمیل کے مراحل میں ہے اور رواں سال موسم گرما کے آخر تک اس کے فعال ہونے کی توقع ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد، کے۔ الیکٹرک کے چار انٹرکنیکشنز کے ذریعے کراچی کو قومی گرڈ سے 2000 میگاواٹ سے زائد بجلی کی منتقلی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ موجودہ انٹرکنیکشنز قومی گرڈ کی جانب سے فراہم کردہ بجلی کے لیے کافی ہیں، جبکہ مستقبل میں کسی بھی اضافی انٹرکنیکشن کا دارومدار کراچی کے لیے قومی گرڈ سے بجلی کی فراہمی کے حتمی معاہدے پر ہوگا۔ک
ے۔ الیکٹرک نے اپنے پاور پلانٹس کے لیے جون 2023 کے بعد کے عرصے کے جنریشن ٹیرف کے تعین کے مطابق جزوی لوڈ، ڈگریڈیشن کروز اور اسٹارٹ اَپ لاگت میں ہونے والی ایڈجسٹمنٹ پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ ان اخراجات کو منفی فیول کاسٹ ویری ایشن سے ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ مستقبل میں صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق، منفی ایف سی اے کا اطلاق تمام صارفین پر ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین، ڈومیسٹک پروٹیکٹڈ صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز (EVCS) اور تمام کیٹیگریز کے وہ پری پیڈ صارفین جنہوں نے پری پیڈ ٹیرف اختیار کیا ہوا ہے، اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔












