ورلڈ پولیس گیمز 2025 میں سلور میڈل جیتنے والے اسلام آباد پولیس کے باکسر علی نواز وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) ورلڈ پولیس گیمز 2025 (امریکہ) میں پاکستان پولیس کی تاریخ کا پہلا سلور میڈل حاصل کرنے والے اسلام آباد پولیس کے باکسر علی نواز وطن واپس پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی اور پولیس افسران کی بڑی تعداد نے کنسٹیبل علی نواز کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا۔ وطن واپسی پر قومی پرچم اور پھولوں کے ہار کے ساتھ علی نواز کا استقبال کیا گیا۔ علی نواز اسلام آباد پولیس میں بطور کانسٹیبل فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ورلڈ پولیس گیمز 2025 میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام آباد پولیس کا بھی نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے علی نواز کو اپنے دفتر میں مدعو کیا، جہاں ان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعام اور اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ علی نواز نے عالمی سطح پر پاکستان اور اسلام آباد پولیس کا نام روشن کر کے سب کے دل جیت لیے۔ ہمیں اپنے بہادر اور باصلاحیت جوان پر فخر ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ علی نواز کو مستقبل میں بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ اعزاز نہ صرف علی نواز بلکہ پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہے، اور ان جیسے باصلاحیت اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا عمل جاری رہے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں