ورلڈ کپ ونر شان ٹیٹ کراچی کنگز کے فاسٹ بالنگ کوچ مقرر
(سید جاوید حسن شاہ) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز نے آسٹریلیا کے سابق برق رفتار باؤلر شان ٹیٹ کو فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا۔شان ٹیٹ، جنہیں کرکٹ کی دنیا میں ان کی طوفانی اسپیڈ اور تباہ کن یارکرز کے لیے جانا جاتا ہے، اپنی مہارت اور تجربہ کراچی کنگز کے نوجوان پیسرز تک پہنچائیں گے۔ وہ 2016 میں پشاور زلمی کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کھیل چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ افغانستان (2021) اور پاکستان (2022-23) کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
اپنے وقت کے خطرناک ترین فاسٹ باؤلرز میں شمار ہونے والے شان ٹیٹ نے آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 95 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 2007 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی شاندار فتح میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ پروفیشنل کرکٹ میں 598 وکٹیں شان ٹیٹ کے نام ہیں.کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کوچنگ کے شعبے سے منسلک ہو گئے اور دنیا بھر میں کئی نوجوان فاسٹ باؤلرز کی صلاحیتوں کو نکھار چکے ہیں۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے شان ٹیٹ کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا “کراچی کنگز فاسٹ بولنگ کے شعبے میں اپنی طاقت برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہی ہے۔ شان ٹیٹ کی جارحانہ بولنگ کا انداز ہماری ٹیم کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی کوچنگ ہمارے پیسرز کے لیے ایک زبردست اثاثہ ثابت ہوگی۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں، اور امید ہے کہ ان کی رہنمائی میں ہماری بولنگ لائن اپ مزید خطرناک ثابت ہوگی۔”
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہو رہا ہے، جبکہ کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلیں گے۔












