وزیراعظم اور صدر مملکت کی اہم ملاقات، بھارتی جارحیت اور جوابی کارروائی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (زاہد یعقو ب خواجہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی جس میں بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے “آپریشن بنیان المرصوص” کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کو بھارتی میزائل اور ڈرون حملوں، ان کے اثرات اور ان کے خلاف پاکستان کی مؤثر اور محدود نوعیت کی جوابی کارروائی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت حکمت عملی اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کے بعد فیصلہ کن جواب دینا ناگزیر ہو چکا تھا۔” انہوں نے کہا کہ “پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی افواج کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔”












