وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری اور بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (غلام مرتضی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری پر اظہارِ اطمینان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوصال اور معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ترقی کا سفر جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جارحیت کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی سے توجہ ہٹانے کی سازش کر رہا ہے، تاہم بین الاقوامی اداروں نے بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کو ذمہ داری سے مسترد کیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور یہ پروگرام پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور طویل مدتی بحالی کی راہ پر ڈالنے میں مددگار ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق، حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے اور نجی شعبے کی ترقی پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ میں حاصل شدہ مثبت معاشی اعشاریے حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔ وزیراعظم نے ملک کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور پائیدار منصوبہ بندی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں