وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید طبی تحقیق سے آراستہ ہسپتال ہو گا۔انہوں نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ وزیراعظم نے ڈیزائن، سپرویژن اور تعمیر کے تمام مراحل کے لیے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی خدمات بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے حاصل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کی نگرانی خود کروں گا تاکہ معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ اجلاس میں وزیراعظم کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق منصوبے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے PC-I کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔مزید بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے قائم ٹرسٹ فنڈ میں 3.5 ارب روپے کا ابتدائی سرمایہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی معیار کا 1000 بستروں سے زائد کا ہسپتال 600 کنال رقبے پر محیط ہو گا جس میں 9 سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں