وزیراعظم کا قومی ہاکی ٹیم کے لیے انعام کا اعلان
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): وزیر اعظم شہباز شریف نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 15 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور ہاکی کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ انعام نہ صرف ٹیم کی محنت اور عزم کا اعتراف ہے بلکہ ملک میں قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ عروج دلانے کی کوششوں کا حصہ بھی ہے۔ورلڈ کپ کوالیفائر میں قومی ٹیم کی شرکت سے ہاکی شائقین میں جوش و خروش کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے اعلان کردہ انعام ان کی ثابت قدمی اور بہترین کھیل کا عملی اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔









