وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی سلامتی، دفاعی صورتحال اور حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے تناظر میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیرِ اعظم نے پوری قوم کو آپریشن “بنیان المرصوص” میں دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے اور تاریخی فتح حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز – ملٹری) کو ان کی غیر معمولی عسکری قیادت، بہادری اور حکمت عملی کے اعتراف میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی رات بھارت نے پاکستان پر بلا جواز اور بلا اشتعال جنگ مسلط کی، جس میں شہری آبادی، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دشمن کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کو چیلنج کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی قیادت انتہائی جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور ہم آہنگی سے جنگی حکمت عملی مرتب کی اور دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔ ان کی عسکری خدمات کے اعتراف میں وزیرِ اعظم کی تجویز پر انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جس کی توثیق وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر کی۔


مزید برآں، وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی بھی منظوری دی، اور آپریشن “بنیان المرصوص” کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران، جوانوں، شہداء، غازیوں اور دیگر شہریوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور محافظوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، اور ملک کی خودمختاری و سلامتی کی حفاظت کے لیے ہر سطح پر متحد اور پرعزم ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں