وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی نجکاری پر جائزہ اجلاس
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیلامی کے طریقہ کار، درکار مدت اور نیلامی میں شرکت کیلئے طے شدہ شرائط سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کو کلیدی حیثیت دی جائے اور اس عمل کو مجوزہ معینہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو یقینی بنانے کیلئے ملک اور بیرونِ ملک روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو نجکاری کے عمل میں بھرپور شمولیت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی تاکید کی کہ شفافیت کو مزید مؤثر بنانے کیلئے نہ صرف پی آئی اے بلکہ آئندہ تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرمایہ کاروں کی رسائی اور دلچسپی بڑھانے کیلئے کنسلٹنٹ کے تعاون سے ایک جامع حکمتِ عملی ترتیب دی گئی ہے، جس پر مکمل عملدرآمد جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، مشیران محمد علی، سید توقیر شاہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر، نیشنل کوآرڈینیٹر برائے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل کو قومی مفاد کے پیشِ نظر شفاف، بروقت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ پاکستان کی معیشت میں بہتری اور قومی ایئرلائن کی استعداد میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔












