وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات، سندھ میں کرکٹ کے فروغ پر اہم پیش رفت

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (محسن نقوی) سے ملاقات کی، جس میں سندھ میں کرکٹ کے فروغ، میچز کے انعقاد اور اسٹیڈیمز کی تعمیر و بحالی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سندھ میں کرکٹ کے نئے وینیوز اور سہولیات کی بہتری پر مشاورت کی، جبکہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد کی عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈیشن کا اہم فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے 17 برس بعد ایک بار پھر انٹرنیشنل میچ کا انعقاد ممکن ہو سکے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ رواں برس ہی اس تاریخی اسٹیڈیم میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ پی سی بی کی ٹیم آئندہ ہفتے نیاز اسٹیڈیم کا دورہ کرے گی اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت، پی سی بی کے ساتھ مل کر نیاز اسٹیڈیم کی بین الاقوامی سطح پر اپ گریڈیشن کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسٹیڈیم میں سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کے نئے وینیوز پر کام کر رہے ہیں، حیدرآباد اور فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ واضح رہے کہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں آخری انٹرنیشنل ون ڈے میچ 2008 میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ ملاقات کے دوران سندھ کے صوبائی وزیر جام خان شورو اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں