وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں کے پی کے کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اقدامات اور خوارجیوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔
وفاقی حکومت اس ضمن میں ہر طرح سے سپورٹ کے لیے تیار ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔فتنہ الخوارج اور سہولت کاروں کا خاتمہ مشترکہ اقدامات سے کیا جا رہا ہے۔خوارجیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی تعاون ناگزیر ہے۔دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔












