وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے آج تخت بھائی، مردان میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شہید کی قبر پر حاضری دی
مردان (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے آج تخت بھائی، مردان میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شہید کی قبر پر حاضری دی.وزیراعظم شہباز شریف اور اپنے طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفاقی وزیر نے شہید کے سوم میں شرکت کی، اہل خانہ سے ملاقات کی، وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی کابینہ اور اپنے طرف سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید کے قبر پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ محمد ایاز شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ افواجِ پاکستان اور قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر شہداء کے خون کا بدلہ لیا ہے۔ بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی، اور وطن کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت نے پوری پاکستانی قوم کو مزید متحد اور مضبوط کردیا جبکہ ہماری بہادر افواج نے قوم اور ملکی سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا۔












